تھانہ سائٹ سپر ہائی وے (نیو سبزی منڈی چوکی) پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کو زخمی کرنے والے ایک اہم ملزم کو 72 گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے 16 اپریل کو نیو سبزی منڈی سیکشن میمن شیڈ میں واردات کی اور فرار ہوتے ہوئے ایک شہری کو گولی مار کر زخمی کردیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق انچارج چوکی کامران قریشی نے تکنیکی ذرائع اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد زیب عرف زوہیب کو گرفتار کرلیا۔
گرفتاری کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول، گولیاں، چھینا گیا موبائل فون اور نقد رقم برآمد کرلی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے نیو سبزی منڈی اور اطراف میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ اس کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم پہلے بھی تھانہ منگھوپیر میں ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار ہو چکا ہے۔