کرک: خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر افسوسناک حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔
حادثہ منگل کی صبح مٹھا خیل کے قریب پیش آیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر کوچ ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور جا رہی تھی کہ اچانک ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کوچ میں سوار کئی افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل بھی بلوچستان کے علاقے حب کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہو گئے تھے، جب زائرین سے بھری مسافر وین شاہ نورانی درگاہ جاتے ہوئے ویراپ ندی کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔
حالیہ دنوں میں پاکستان بھر میں حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کی بنیادی وجہ تیز رفتاری، لاپروائی، اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی قرار دی جا رہی ہے۔