کراچی کے علاقے لانڈھی میں مرتضیٰ چورنگی کے قریب واقع ایک برف کے کار خانے کی چھت گرنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برف خانے کی چھت گرنے سے دو افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ چار افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ پولیس کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی کے نواحی علاقے میں واقع افغان کیمپ میں مکان کی چھت گرنے سے چھ افراد، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جاں بحق ہو گئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مارچ میں گلشن معمار کے علاقے جنجال گوٹھ افغان کیمپ میں اتوار کی علی الصبح پیش آیا۔ حادثے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے۔ متاثرہ خاندان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں سے تھا۔