کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری کے قریب ایک خاتون نے ٹریلر کے ٹکر مار کر گاڑی کو نقصان پہنچانے پر طیش میں آ کر کار سے اتر کر فائرنگ کردی، تاہم واقعے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق خاتون نے ڈرائیور پر گولیاں برسائیں تاہم ٹریلر کا ڈرائیور اپنی بھاری بھرکم گاڑی سے اتر کر بھاگا اور پولیس کے پیچھے چھپ گیا، جس کے بعد پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پی آئی بی کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اور ٹریلر ڈرائیور دونوں کے خلاف ایک ہی مقدمہ درج کیا گیا ہے اور دونوں ہی ڈرائیورز نے غفلت اور لاپرواہی کے ساتھ گاڑی چلائی۔ ٹریلر آگے نکلنے کی کوشش میں گاڑی سے جا ٹکرایا تھا۔
خاتون نے غصے میں آکر پستول نکال کر ہوائی فائرنگ کی۔ گرفتاری کے موقعے پر خاتون نے نائن ایم ایم پستول کا لائسنس پیش کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لائسنس 31دسمبر 2023 سے ایکسپائر ہے اور لائسنس اصلی ہے یا جعلی، اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
فائرنگ کرنے والی خاتون کون؟
اگر مقدمے کے متن کا جائزہ لیا جائے تو مدعی مقدمہ اے ایس آئی شبیر احمد کا کہنا ہے کہ خاتون سیاہ رنگ کی کار پر سوار تھیں، ڈرائیور نے غفلت اور لاپرواہی کے ساتھ گاڑی سے آگے نکلنے کی کوشش میں جب ٹکر ماری تو گاڑی کا بمپر ٹوٹ گیا جس پر خاتون نے گاڑی سے ہی پستول نکال کر فائرنگ کی۔
مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈرائیور ظفر اقبال کو حراست میں لیا اور خاتون کو بھی ہوائی فائرنگ کے جرم میں گرفتار کیا۔ خاتون کا نام علیشا عامر ہے، تاہم اس کے علاوہ مقدمے کے متن میں دیگر تفصیلات موجود نہیں ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔