پنجاب حکومت نے موسم گرما کے دوران سرکاری اسکولوں کے اوقات کار میں 30 منٹ کی کمی کا اعلان کیا ہے جو 7 اپریل سے 15 اکتوبر 2025 تک نافذ العمل ہوگا۔
اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات تک صبح 7:30 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ کے دن کلاسز 11:30 بجے ختم ہوں گی۔ اس سے قبل اسکولوں کے اوقات کار گرمیوں میں 1:30 بجے تک ہوتے تھے۔
ڈبل شفٹ اسکولوں کے لیے، صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات تک صبح 7:30 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک جبکہ جمعہ کو صبح 7:30 بجے سے 11:30 بجے تک جاری رہے گی۔
شام کی شفٹ پیر سے جمعرات تک دوپہر 12:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک ہوگی، جبکہ جمعہ کے روز یہ شفٹ 2:30 بجے سے شام 4:00 بجے تک جاری رہے گی۔
اس کے علاوہ ضلعی تعلیمی اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس ترمیم شدہ شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی اجازت دی گئی ہے کہ لڑکوں اور لڑکیوں کے اسکولوں میں مخصوص حالات کے مطابق اسکول کھلنے اور بند ہونے کے اوقات میں 15 منٹ تک کا رد و بدل کیا جا سکتا ہے۔