آج فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان میں یوم القدس منایا جارہا ہے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Pakistan observes Youm Al-Quds today in solidarity with Palestine
ARY

آج پاکستان بھر میں یوم القدس کے موقع پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

یہ احتجاج اسرائیلی مظالم اور بربریت کی مذمت کے ساتھ فلسطینی آزادی کے حق میں آواز بلند کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے جو نماز جمعہ کے بعد شروع ہوگا۔

کراچی میں مرکزی ریلی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مجلس وحدت المسلمین کے تعاون سے نکالی جائے گی جو نمائش چورنگی سے ایم اے جناح روڈ پر تبّت سینٹر تک جائے گی۔ شرکاء نماز جمعہ کے بعد سہ پہر 3 بجے ریلی میں شرکت کے لیے جمع ہونا شروع کریں گے۔

عوام کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک حکام نے متبادل ٹریفک پلان تیار کیا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا ہو۔ ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی بندش کے باعث شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تین ہٹی یا لسبیلہ سے آنے والی ٹریفک کو گرو مندر سے دائیں طرف سولجر بازار کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پریڈی اسٹریٹ ریگل سے تبّت سینٹر جانے والی ٹریفک کو پریڈی چوک کی طرف موڑ دیا جائے گا جبکہ سولجر بازار اور نشتر روڈ کو بھی متبادل راستوں کے طور پر استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح داؤد پوتہ روڈ اور لکی اسٹار سے آنے والی ٹریفک کو پریڈی چوک کی طرف بھیج دیا جائے گا۔

یہ اقدامات عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ یوم القدس کے موقع پر ہونے والی ریلیوں کے دوران کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو۔

Related Posts