پاکستانی فلم “قلفی” کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے جس میں معروف اداکار بابر علی، شہروز سبزواری، جاوید شیخ، معمر رانا، اور سعیدہ امتیاز شامل ہیں، فلم عید الفطر 2025 پر پاکستان بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے مطابق یہ “پاکستان کے تمام سینما گھروں” میں ریلیز کی جائے گی تاہم کچھ شہروں میں سینما گھروں کی بندش اور ٹکٹوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث کچھ مقامات پر اس کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے۔
کراچی کے نیوپلیکس سینما نے باضابطہ طور پر اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں تصدیق کی ہے کہ وہاں فلم کی نمائش ہوگی۔
یہ ایک رومانوی اور مزاحیہ فلم ہے جس کے ٹریلر میں کہانی کے حوالے سے زیادہ تفصیلات نہیں دی گئیں لیکن اس میں مزاح، سنسنی خیز ایکشن اور ہیکنگ جیسے منفرد عناصر شامل کیے گئے ہیں، جو کہانی میں دلچسپ موڑ پیدا کرتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ سے قبل شہروز سبزواری اور سعیدہ امتیاز نے میڈیا کو تصدیق کی تھی کہ “قلفی” ایک مکمل ایکشن فلم ہوگی۔
شہروز سبزواری نے کہا کہ ہم نے شوٹنگ شروع نہیں کی لیکن میں اس فلم کے لیے سخت تربیت کر رہا ہوں۔ یہ ایک ایکشن فلم ہے جس میں مجھے فائٹ کرنی ہے، اس لیے میں مسلسل جم میں ٹریننگ کر رہا ہوں۔
ٹریلر میں بابر علی اور عدنان شاہ ٹیپو کو ایک غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث گینگ کے ممبران کے طور پر دکھایا گیا ہے جبکہ شہروز سبزواری کے کردار کو کبھی ایک رومانوی ہیرو اور کبھی ایک ماہر ہیکر کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
دوسری جانب معمر رانا ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آ رہے ہیں جو ایک ہیکر گینگ کو پکڑنے کے مشن پر ہے۔
فلم کی شوٹنگ پاکستان اور بیرون ملک کی گئی ہے جبکہ اس میں ایک آئٹم سانگ اور ایک رومانوی گانا جو راحت فتح علی خان کی آواز میں ہے بھی شامل ہے۔
قلفی کے ہدایتکار مشہود قادری ہیں اور یہ اس سال عید الفطر پر ریلیز ہونے والی پہلی بڑی پاکستانی اسٹار اسٹڈڈ فلم ہے جبکہ دیگر فلموں میں زیادہ تر پنجابی یا کم بجٹ کی پروڈکشنز شامل ہیں۔