کراچی میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا، محض 12 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تازہ ترین حادثہ کورنگی ناصر جمپ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار گاڑی نے دو موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر مار دی۔
حادثے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔ زخمی کی شناخت ایمانوئیل کے نام سے ہوئی، جو بعد میں جناح اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
کلفٹن کے بن قاسم پارک کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی نے ایک راہگیر کو کچل دیا، جبکہ ماری پور اور قیوم آباد میں دو موٹرسائیکل سوار ٹریلرز سے ٹکرا کر جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب کراچی میں بڑھتے ہوئے موٹرسائیکل حادثات کے پیش نظر ٹریفک حکام نے تین اہم شاہراہوں پر ہیلمٹ کی سختی سے پابندی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق شہر کی تین اہم شاہراہوں، میٹروپول سے کلفٹن برج، پی آئی ڈی سی سے سعودی قونصل خانے اور شارعِ فیصل پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ان تین سڑکوں پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔ ہم ابتدائی طور پر ان شاہراہوں کو ماڈل روڈز بنا رہے ہیں۔