کراچی کے علاقے گلشنِ حدید میں پیپلز بس سروس کا عملہ اور جائے وقوعہ پر موجود شہری لٹ گئے۔ مسلح ملزمان نہتے شہریوں اور عملے سے لوٹ مار کرتے رہے، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق گلشن حدید میں پیپلز بس سروس کے اسٹاپ پر لوٹ مار ہوئی۔ گلشن حدید پولیس کا کہنا ہے کہ 4 سے 5 مسلح ملزمان کار میں سوار ہو کر آئے تھے جنہوں نے لوٹ مار کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے، گلشن حدید میں واقع بس اسٹاپ پر ڈاکوؤں نے عملے سے 5 لاکھ روپے لوٹ لیے اور سکیورٹی گارڈ سے بھی اسلحہ چھین کر ساتھ لے گئے۔
ملزمان نے وہاں موجود شہریوں سے بھی لوٹ مار کی اور موبائل فون لوٹ کر کار میں فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کو تلاش کرکے گرفتار کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ عوام کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے پیپلز بس سروس نے حال ہی میں اپنے کرایوں میں اضافہ کیا تھا، کرائے میں یکمشت 60فیصد تک کے اضافے پر شہری سراپا احتجاج ہیں، تاہم بسوں من مانے کرایوں پر عملدرآمد آج بھی جاری ہے۔