کراچی بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے قریب روز روز کی لوٹ مار سے تنگ شہری نے فائرنگ کردی، گولیاں لگنے سے 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے، جس پر پولیس حرکت میں آگئی ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق اسٹریٹ کرائمز میں ہر گزرتے روز کے ساتھ ہونے والے اضافے سے شہریوں کی تشویش میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ عوام پولیس پر انحصار کی بجائے اپنی مدد آپ کے تحت ڈاکوؤں پر گولیاں برسانے پر مجبور ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کی فائرنگ کے بعد واقعے پر تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق لاشوں کی شناخت کی جارہی ہے۔ شہری نے اپنی حفاظت کے پیشِ نظر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 ڈاکو موقعے پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔ فائرنگ کرنے والے شہری کی شناخت دانش کے نام سے ہوئی ہے، جس نے ڈکیتی کے خلاف یہ جانتے ہوئے بھی مزاحمت کی کہ ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ اس کی جان بھی لے سکتی تھی۔
حکام نے ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے پولیس تحویل میں لے لیا۔ لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ شہری کی مدعیت میں ضابطے کی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔ واقعے کا مقدمہ بھی درج کیا جارہا ہے۔ اسی طرح کے ایک اور واقعے میں اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری زخمی بھی ہوگیا ہے۔