بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل اتوار کے روز دبئی میں کھیلا جائے گا تاہم اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نیٹ پریکٹس کے دوران انجری کا شکار ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی نیٹ میں تیز گیند بازی کا سامنا کر رہے تھے جب ایک تیز رفتار گیند ان کے گھٹنے پر لگی جس کے بعد انہوں نے فوراً پریکٹس روک دی۔ بھارتی ٹیم کے فزیو اسٹاف نے فوری طور پر کوہلی کا معائنہ کیا ، متاثرہ جگہ پر اسپرے کیا اور پٹی باندھی۔
انجری کے باوجود کوہلی میدان میں موجود رہے اور ٹریننگ سیشن کا باقی حصہ دیکھتے رہے جبکہ انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو اپنی فٹنس کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعد ازاں بھارتی کوچنگ اسٹاف نے وضاحت کی کہ کوہلی کی چوٹ سنگین نوعیت کی نہیں ہے اور وہ فائنل کے لیے مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ویرات کوہلی کو اکثر عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کا جانشین قرار دیا جاتا ہے کیونکہ ان دونوں کے بیٹنگ انداز میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ کئی سابق کرکٹرز توقع رکھتے ہیں کہ کوہلی ٹنڈولکر کے ریکارڈز توڑیں گے۔
دنیا کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جانے والے ویرات کوہلی نے کئی بار اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ سچن ٹنڈولکر کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں اور بچپن میں ان کے بیٹنگ اسٹائل کی نقل کرنے کی کوشش بھی کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں وہ سچن ٹنڈولکر کے ریکارڈز توڑنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔