یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کے قومی شناختی کارڈ (نائیکوپ) کے حصول کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
یہ کارڈ ان افراد کے لیے لازمی ہے جو بیرون ملک سفر کرنے یا وہاں مستقل سکونت اختیار کرنے کے خواہشمند ہیں۔ نادرا واحد مستند ادارہ ہے جو پاکستانی شہریوں کو یہ شناختی کارڈ جاری کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔
پاکستان کے کسی بھی شہری کو نادرا این آئی سی او پی حاصل کرنے کی اجازت ہے اور یہ کارڈ دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو بغیر ویزا کے پاکستان میں داخلے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
اسمارٹ این آئی سی او پی کے حصول کے لیے مستند پاسپورٹ نمبر کا ہونا ضروری ہے۔ پاکستان میں مقیم افراد کسی بھی نادرا دفتر میں درخواست دے سکتے ہیں جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے متعلقہ قونصل خانے سے رجوع کر سکتے ہیں یا آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
نادرا نے دنیا کے مختلف ممالک کو دو زونز میں تقسیم کیا ہے۔ زون اے میں یورپی اور مغربی ممالک جیسے کینیڈا، برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی، اور اسپین شامل ہیں جبکہ زون بی میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، عمان اور کویت جیسے عرب ممالک شامل ہیں۔
یورپ میں نادرا این آئی سی او پی فیس
مارچ 2025 تک نادرا این آئی سی او پی کی فیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ نارمل درخواست کے لیے 11ہزار 340 روپے، ارجنٹ درخواست کے لیے 16ہزار 589 روپے جبکہ ایگزیکٹو درخواست کے لیے 21ہزار 820 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح اسمارٹ این آئی سی او پی کی نارمل فیس 39 ڈالر، ارجنٹ فیس 57 ڈالر اور ایگزیکٹو فیس 75 ڈالر ہے۔
نادرا رجسٹریشن سینٹر پر درخواست دینے کا طریقہ
نادرا رجسٹریشن سینٹر پر جانے والے افراد کو پہلے ٹوکن حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے بعدتصویر لی جائے گی، فنگر پرنٹس اور دستخط ریکارڈ کیے جائیں گے اور پھر مکمل ڈیٹا درج کیا جائے گا۔ تمام تفصیلات مکمل ہونے کے بعد صارف کو پرنٹ شدہ فارم کا جائزہ لینا ہوگا اور درخواست جمع کرانی ہوگی۔
آن لائن این آئی سی او پی کے لیے درخواست دینے کا طریقہ
نادرا نے درخواست گزاروں کی سہولت کے لیے ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرانے کی سہولت فراہم کی ہے۔ اس سروس کے ذریعے، صارفین اپنے شناختی کارڈ کو براہ راست گھر کے ایڈریس پر ڈیلیور کروا سکتے ہیں جو کہ ایک آسان اور تیز تر طریقہ ہے۔