کراچی میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے گرمی کی وارننگ جاری کردی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت آج سے بڑھنا شروع ہوگا اور آئندہ چند روز میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ماہر انجم نذیر کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے اور آئندہ چند دنوں میں یہ 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 12 مارچ سے مغربی ہواؤں کے چلنے کی توقع ہے جس کے باعث موسم کسی حد تک خوشگوار ہوسکتا ہے۔
ابھی بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے اور شہریوں کو مزید خشک اور گرم موسم کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق کراچی کے باسیوں کو بارش کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ اس حوالے سے فی الحال کوئی امکانات نہیں ہیں۔
محکمہ موسمیات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، کراچی میں مارچ کے دوران درجہ حرارت معمول سے 6 اعشاریہ 3 ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عمومی طور پر اس مہینے کا اوسط درجہ حرارت 19 اعشاریہ 4 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے، جبکہ گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 13 اعشاریہ 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
منگل کی رات کراچی کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کم رہا۔
ماڑی پور میں سب سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ، جناح ٹرمینل میں 11 اعشاریہ 5 ڈگری، پورٹ قاسم میں 13 اعشاریہ 6 ڈگری، گلستانِ جوہر میں 13 اعشاریہ 2 ڈگری، اور شاہراہِ فیصل میں 12 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔