بالی وڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف نے آسٹریا میں اپنی تعطیلات کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے اس سفر کو “ایک بہترین ری سیٹ” قرار دیا۔
کترینہ کیف آسٹریا کے خوبصورت علاقے آلٹاوزی میں واقع معروف میڈیکل ہیلتھ ریزورٹ میں وقت گزار رہی ہیں۔ یہ ریزورٹ آسٹریا کی دلکش پہاڑیوں اور شفاف جھیل آلٹاوزی کے درمیان واقع ہے، جو سکون اور صحت کی بحالی کے لیے ایک مثالی جگہ سمجھی جاتی ہے۔
یہ ریزورٹ دنیا بھر سے مختلف مشہور شخصیات کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے جو ذہنی و جسمانی تازگی کے لیے یہاں قیام کرتے ہیں۔
کترینہ نے اپنے اس تجربے کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس مقام کی خوبصورتی اور سکون کی تعریف کی۔انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھاکہ ایک بار پھر وقت گزارنے کا موقع ملا۔
یہاں کی خاموشی اور قدرتی حسن ہر بار حیران کر دیتا ہے، برف سے ڈھکے پہاڑوں میں چہل قدمی، اور جھیل میں پگھلتی ہوئی برف کی مدھم آواز۔
یہاں وقت جیسے تھم سا جاتا ہے، اور میں ان لمحوں میں وہ وضاحت تلاش کر پاتی ہوں جو عام طور پر کہیں کھو جاتی ہے۔ اس جگہ کی ٹیم حیرت انگیز ہے، جو آپ کو گھر جیسا محسوس کراتی ہے… واقعی ایک بہترین ری سیٹ!
کترینہ کیف اپنی تعطیلات کے ساتھ ساتھ اپنے شوہر وکی کوشل کی حالیہ فلم چھاوا کی شاندار کامیابی کا بھی جشن منا رہی ہیں۔
یہ تاریخی ایکشن ڈرامہ ناظرین اور ناقدین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل کر چکا ہے اور باکس آفس پر بھی بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے۔
کترینہ نے وکی کوشل کی اداکاری کی کھل کر تعریف کی اور فلم کے پریمیئر میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھاکہ یہ فلم واقعی ایک شاندار سینمائی تجربہ ہے، میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی کہ اس کا اثر کتنا گہرا ہے۔ وکی، تم حقیقت میں غیرمعمولی ہو۔