کراچی: بوٹ بیسن میں ایک گاڑی میں سوار مسلح افراد نے شہریوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
متاثرہ شہری کی شکایت پر بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح افراد نے پہلے اپنی گاڑی کو ریورس کر کے ایک اور گاڑی سے ٹکرایا اور پھر اسلحہ نکال کر دوسری گاڑی میں سوار شہریوں پر حملہ کر دیا۔
مدعی کے مطابق حملے میں چھ سے سات مسلح افراد ملوث تھے، جو نشے میں معلوم ہو رہے تھے۔ یہ واقعہ 19 فروری کو بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں پیش آیا۔
سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ میں دفعہ 144 کے تحت اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے اس واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور پولیس کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ معاملہ وزیر داخلہ کے علم میں بھی لایا گیا ہے اور جلد انصاف کی توقع ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پولیس کی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔