بالی ووڈ کے اسٹائلسٹ، فٹنس آرٹسٹ اور 48 سالہ اداکار ساحل بائیس سالہ لڑکی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
ویلنٹائن ڈے کے موقع پر دبئی میں 48 سالہ ساحل خان نے 22 سالہ میلینا الیگزینڈر کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے کا اعلان کیا۔ جیسے ہی انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصاویر شیئر کیں، سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچ گیا۔
مداحوں نے 26 سال کے عمر کے فرق پر چٹکلے چھوڑنا شروع کر دیے، لیکن ساحل خان نے اپنے انٹرویو میں اس پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا، ’محبت کسی خاص عمر کی محتاج نہیں ہوتی، میلینا اور میرے خیالات حیران کن حد تک ہم آہنگ ہیں، اور یہی ہماری قربت کی بنیاد ہے۔‘
ساحل نے انکشاف کیا کہ جب وہ میلینا سے پہلی بار ملے تو وہ محض 21 سال کی تھیں، لیکن ان کی سوچ اور ذہانت نے انہیں بے حد متاثر کیا۔ ’ اس کی کم عمری کے باوجود، وہ ایک سمجھدار، حقیقت پسند اور زندگی کی گہری بصیرت رکھنے والی لڑکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنے تعلق کو اگلے مرحلے تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔’
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ ساحل خان کی دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل وہ نارویجن اداکارہ اور ماڈل نگار خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، مگر بدقسمتی سے یہ شادی صرف ایک سال میں ہی اختتام پذیر ہوگئی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس شادی پر ملا جلا ردعمل دیا۔ کچھ نے محبت کی جیت قرار دیا تو کچھ نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ تاہم، ساحل خان اپنی نئی زندگی کے آغاز پر بے حد خوش نظر آ رہے ہیں۔