لاہور گیریژن میں مادر وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس سے اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ شہید لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے تھے، وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات، اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول حکام اور شہید کے لواحقین نے جنازے میں شرکت کی۔
شہید لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف کی نمازِ جنازہ کے موقع پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کی غیر متزلزل لگن اور بہادری کی ایک اور شاندار مثال ہے، جنہوں نے اپنے پیارے وطن کی خودمختاری اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ یکجا و متحد ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں وطن پر جان دینے والے فوجی افسران اور سپاہیوں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے حملے ہیں۔ دہشت گردوں نے متعدد مواقع پر ملک میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے والے اداروں، تھانوں اور چیک پوسٹوں کو نشانہ بنا کر سپاہیوں اور افسران کو شہید کیا جس سے سکیورٹی خدشات جنم لے رہے ہیں۔