چیمپئنز ٹرافی کے وارم میچ کے دوران افغان ٹیم اور پاکستان شاہینز نے گراؤنڈ میں ہی ایک ساتھ نماز جمعہ ادا کی۔
افغان ٹیم نے گزشتہ دن پاکستان پہنچ کر ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں تین گھنٹے بھرپور پریکٹس کی، جبکہ آج قذافی اسٹیڈیم میں پہلا پریکٹس میچ کھیلا۔
افغانستان کرکٹ ٹیم بدھ کو لاہور پہنچی اور آرام کیا جبکہ جمعرات کو افغانستان ٹیم نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں تین گھنٹے کے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
کھلاڑیوں نے وارم اپ سے سیشن کا آغاز کیا اور پھر گروپس میں فیلڈنگ ڈرلز کیں جبکہ باؤلرز اور بیٹرز نے جم کر نیٹ پریکٹس کی۔
پہلی مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کھیلنے والی افغانستان ٹیم نے آج پاکستان شاہینز کے خلاف پہلا وارم اپ میچ قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جبکہ دوسرا میچ 16 فروری کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ہے۔
پاکستان شاہینز اور افغان ٹیم کے دوران نماز جمعہ کا وقت ہوا تو دونوں ٹیموں نے ایک ہی امام کی اقتدا میں ایک ہی صف میں نماز جمعہ ادا کی۔ اس منظر نے علامہ اقبال کے اس شعر کی یاد دلا دی۔
آگیا عین لڑائی میں اگر وقت نماز
قبلہ رو ہوکے زمیں بوس ہوئی قوم حجاز