پاکستانی مذہبی اسکالر مفتی عبدالقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بھارتی اداکارہ راکھی ساونت سے شادی کرنے والے ہیں، اور یہ نکاح 14 فروری کو طے پایا ہے۔
مفتی عبدالقوی ایک متنازعہ شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں جو ماضی میں مختلف تنازعات کا شکار رہے ہیں۔ دوسری جانب راکھی ساونت بھی اپنے بے باک بیانات اور متنازعہ حرکات کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔ ان کے ماضی میں بھی کئی فرضی شادیوں اور تنازعات کی خبریں آ چکی ہیں۔
ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے مفتی قوی نے انکشاف کیا کہ شادی کی تاریخ خود راکھی نے منتخب کی ہے۔ انہوں نے کہا، “ہمارا نکاح 14 فروری کو ہو رہا ہے، اور یہ تاریخ راکھی نے خود تجویز کی ہے۔”
مفتی قوی نے مزید کہا کہ نکاح کے بعد راکھی اسلامی لباس اپنائیں گی۔ ان کے بقول، “ان کی پوشاک مکمل طور پر اسلامی اور شرعی اصولوں کے مطابق ہوگی اور شاید میں بھی اپنے لباس میں تبدیلی کروں۔”
اس سے قبل ایک پوڈکاسٹ میں مفتی قوی نے کہا تھا کہ اگر ان کی والدہ اجازت دیں تو وہ راکھی سے شادی کے لیے تیار ہیں۔ بعد میں انہوں نے وضاحت کی کہ ان کی والدہ نے انہیں فیصلہ خود کرنے کی اجازت دی ہے لیکن انہیں اپنی پچھلی شادیوں پر بات نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
راکھی ساونت جو اپنے مزاحیہ انداز اور بے باک بیانات کے لیے مشہور ہیں، نے مفتی قوی کی پیشکش پر مذاقاً ردعمل دیتے ہوئے کہا، “میں تو ایک مولانا سے شادی کے لیے مر رہی تھی۔
یہ اعلان سوشل میڈیا پر بحث و مباحثے کا باعث بن گیا ہے۔ کچھ صارفین اس نکاح کو حقیقت مان رہے ہیں جبکہ بہت سے لوگ اسے محض ایک تشہیری حربہ سمجھ رہے ہیں۔ آیا واقعی یہ شادی ہوگی یا یہ صرف میڈیا میں خبروں میں رہنے کی ایک کوشش ہے، اس کا فیصلہ وقت ہی کرے گا۔