محکمہ ماحولیات پنجاب نے گھروں میں گاڑیاں دھونے پر پابندی عائد کر دی ہے، گھر پر گاڑی دھونے پر 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، محکمہ نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے گھر پر گاڑیاں دھونے پر پابندی کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات پنجاب نے یہ پابندی نافذ کر دی ہے۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ گھر میں گاڑی دھونے اور پائپ استعمال کرنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ محکمہ نے تمام غیر قانونی سروس اسٹیشنوں کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے پانی کے تحفظ کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔
کراچی میں ٹریفک کا نظام مکمل طور پر غیر منظم ہو چکا ہے، محمود مولوی
واٹر ری سائیکلنگ سسٹم کے بغیر کام کرنے والے سروس اسٹیشنز پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ حکومت نے پنجاب بھر کے تمام سروس اسٹیشنز کو 28 فروری تک واٹر ری سائیکلنگ سسٹم لگانے کا حکم دیا ہے۔
محکمہ ماحولیات پنجاب نے گاڑیوں کو کسی بھی قسم کے تیل سے دھونے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
مزید برآں تعمیراتی مقامات پر زیر زمین پانی کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تمام پابندیاں پنجاب انوائرمنٹل ایکٹ کے تحت فوری طور پر نافذ کی جائیں گی۔
پنجاب کے محکمہ ماحولیات نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ پانچ سالوں میں 42 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں جس سے پانی کی کمی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔