پاکستان میں 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح کردیا گیا۔
نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی افتتاحی تقریب مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے علاوہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، میئر کراچی مرتضٰی وہاب اور وزیر کھیل سندھ و دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اسٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تعمیرنو پر چیئرمین محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انتھک محنت، لگن اور جذبہ سے نینشل اسٹیڈیم کو انتہائی شاندار بنا دیا، نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر نو سے عالمی مقابلوں کا مزا دوبالا ہو جائے گا۔
نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے جدید معیار کے ڈریسنگ روم اور ہاسپٹلٹی باکسز تیار کیے گئے ہیں، اسی طرح نیشنل اسٹیڈیم میں نشریاتی معیار کی بہتری کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں 2 ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز اور 5 ہزار سے زائد نئی کرسیوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نو تعیمر کراچی نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح کیا، انہوں نے چیئرمین پی سی بی کو نیشنل اسٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تعمیر نو پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی میں کھیلوں کی بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، 2018 میں نیشنل اسٹیڈیم کو حکومت سندھ نے اپ گریڈ کیا تھا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے لیے تمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں، کراچی والے کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، حکومت بھرپور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن فائٹنگ گیم ہونا چاہیے۔
افتتاح کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچ گئی، اسٹیڈیم کو 4 ماہ سے کم مدت میں مکمل کیا گیا جبکہ اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔