اداکارہ ماورا حسین اور ہرش وردھن کی فلم صنم تیری قسم نے ری ریلیز پر تاریخی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے جنید خان کی فلم لو یاپا اور ہمیش ریشمیا کی بیڈ ایس روی کمار کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں بھارتی میڈیا (ای ٹی ناؤ، زوم ٹی وی اور ٹائمز ناؤ) کا کہنا ہے کہ صنم تیری قسم نے سینما گھروں میں ایک نئی زندگی حاصل کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے سے بزنس کا آغاز کیا تھا جس میں ہرش وردھن اور ماورا حسین مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہیں۔
ماورا حسین اور ہرش وردھن کی رومانوی ڈراما فلم نے اپنے ابتدائی ہفتے میں 15اعشاریہ 50 کروڑ کا بزنس کرلیا جو کسی بھی ری ریلیز کردہ ہندی فلم کیلئے ایک باکس ریکارڈ ہے۔ عامر خان کے بیٹے جنید خان کی پہلی فلم لو یاپا نے اپنے اوپننگ ویک اینڈ میں 4 اعشاریہ 45 کروڑ کمائے تھے جبکہ ہمیش ریشمیا کی بیڈ ایس روی کمار 6اعشاریہ 15کروڑ کمانے میں کامیاب رہی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ فلم صنم تیری قسم کیلئے آڈیشن میں 215 اداکارائیں مسترد کردی گئیں، بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ آڈیشن کے دوران ماورا حسین نے سب سے اچھے انداز میں رو کر فلمسازوں کو متاثر کردیا اور رول اسی اداکارہ کے نام ہوا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں بھارتی میڈیا (پنک وِلا) نے رپورٹ کیا ہے کہ صنم تیری قسم میں پاکستان کی مشہورومعروف اداکارہ ماورا حسین کا انتخاب کرنے سے قبل 215 لڑکیوں نے آڈیشن دیا اور سب کی سب مسترد کردی گئیں، کیونکہ کوئی بھی لڑکی اس انداز میں رو نہیں پارہی تھی جو انداز فلمسازوں کو درکار تھا۔