قومی کرکٹ ٹیم جولائی اور اگست میں وائٹ بال کرکٹ سیریز کھیلے گی، جس کے شیڈول کا اعلان ویسٹ انڈیز نے کردیا ہے، کالی آندھی اور گرین شرٹس ایک بار پھر مدِ مقابل آنے کیلئے تیار ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاک ویسٹ انڈیز وائٹ بال سیریز میں 3 ٹی20 اور 3 ون ڈے میچز شامل ہیں۔ تینوں ٹی20 میچز امریکہ میں کھیلے جائیں گے اور یہ تمام میچز امریکی ریاست فلوریڈا کی براورڈ کاؤنٹی میں ہوں گے۔ ٹی20 میچز 31 جولائی، 2 اگست اور 3 اگست کو ہوں گے۔
بعض رپورٹس کے مطابق تینوں ون ڈے میچز برائن لارا کرکٹ اکیڈمی ٹرینیڈاڈ میں ہوں گے۔ یہ ون ڈے میچز 8 اگست، 10 اگست اور 12 اگست کو کھیلے جائیں گے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی، جس کے پہلے دو میچ سبینا پارک (20 جولائی، 22 جولائی) اور باقی تین میچ وارنر پارک، سینٹ کٹس (25 جولائی، 26 جولائی، 28 جولائی) میں ہوں گے۔
ہوم سیریز کے بعد، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 21 ستمبر سے 23 دسمبر تک بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کا غیر ملکی دورہ کرے گی۔ اس دورے میں بھارت میں دو ٹیسٹ میچز، بنگلہ دیش میں تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچز، اور نیوزی لینڈ میں پانچ ٹی20 میچز، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز شامل ہوں گے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم اپنے 2025 کے ایونٹ کا آغاز پاکستان میں 4 سے 19 اپریل تک آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز سے کرے گی، جہاں چھ ٹیمیں بھارت میں اگست-ستمبر میں ہونے والے میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کیلئے ایک دوسرے کا سامنا کرتی نظر آئیں گی۔