اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر 5 روزہ سرکاری دورے پر آج چین روانہ ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر مملکت دورے کے دوران صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور دیگر سینئر چینی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ بات چیت میں اقتصادی اور تجارتی تعاون، انسداد دہشت گردی اور سیکورٹی تعاون، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور مستقبل کے رابطے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاک چین تعلقات کے دائرہ کار کو شامل کیا جائے گا۔
دونوں فریق عالمی اور علاقائی جغرافیائی سیاسی منظر نامے اور کثیرالجہتی فورمز پر دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
صدر چین کی حکومت کی دعوت پر ہاربن میں نویں ایشین ونٹر گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح کے وفد میں بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ محسن نقوی شامل ہیں۔