کراچی: رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ) کے رہنما محمود مولوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا ہے کہ اگر پورٹ قاسم اتھارٹی کی غیر منصفانہ پالیسیاں جاری رہیں تو چاول کی برآمدات کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ریپ کی جانب سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ “پورٹ قاسم اتھارٹی کی جانب سے خوردنی تیل کے جہازوں کو خشک مال کی برتھوں پر لگانے کے باعث چاول کے برآمداتی جہازوں کو غیر ضروری تاخیر اور مالی نقصان کا سامنا ہے، جس سے برآمدات کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔”
محمود مولوی نے خبردار کیا کہ اگر ان مسائل کا فوری حل نہ نکالا گیا تو پاکستان کی برآمدات متاثر ہوں گی، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
ریپ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری توجہ دے اور برآمد کنندگان کو درپیش مشکلات کا حل نکالے تاکہ چاول کی برآمدات کے شعبے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔