اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوگا تاہم پی ٹی آئی کی طرف سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سپیکر نے اجلاس مذکورہ تاریخ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں طلب کر لیا ہے۔ یہ ان کیمرہ میٹنگ ہوگی۔ اجلاس کی صدارت سردار ایاز صادق کریں گے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا تھا کہ پارٹی کے بانی عمران خان کی جانب سے مطالبات پورے نہ کرنے کی وجہ سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کو ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف دو مطالبات رکھے تھے لیکن سات دن میں جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
وزیراعظم کے عہدے کا ناجائز استعمال، عمران خان اور ملک ریاض کا گٹھ جوڑ مزید بے نقاب
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بناتی ہے تو پی ٹی آئی مذاکرات پر نظر ثانی کر سکتی ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اور اسد قیصر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی۔
ذرائع کے مطابق ایاز صادق نے کہا کہ اختلافات کے حل کے لیے بات چیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور عمر ایوب پر زور دیا کہ وہ اجلاس میں شرکت کریں۔تاہم عمر ایوب نے یہ کہتے ہوئے دعوت مسترد کردی کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام تک مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔