کراچی کے سرکاری کالجز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ کالجز کے پرنسپلز کے نام جاری کیے گئے حکم نامے میں کیمرے لگانے کی وجہ سکیورٹی قرار دی گئی ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی جی کالجز نے سرکاری کالجز کے پرنسپلز کیلئے مراسلہ جاری کیا ہے جس میں سی سی ٹی وی کیمرہ لگانے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ کیمرے کالجز کے داخلی و خارجی دفاتر کے علاوہ دفاتر میں بھی لگائے جائیں گے۔
ڈی جی کالجز کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق کالجز کے ملازمین، طلبہ و طالبات، اساتذہ اور سرکاری املاک کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ ماضی میں سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہونے کے باعث طلبہ و طالبات کو مسلسل پریشانی کا سامنا رہا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت ملک بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم موجودگی عدم تحفظ کے احساس کو اجاگر کرتی ہے۔ خاص طور پر طالبات کو ہراساں کرنا، چوری اور کالجز میں بیرونی عناصر کی نامناسب مداخلت جیسے واقعات پریشان کن رہے ہیں۔
سی سی ٹی وی کیمراز کی نگرانی کے بغیر چوری اور ڈکیتی سمیت دیگر جرائم میں اضافے کا خدشہ رہتا ہے۔ جس سے متاثرین کو انصاف کے لیے محدود راستہ مل جاتا ہے۔ طالبات کے علاوہ طلبہ بھی ان خطرات سے مستثنیٰ نہیں ہیں، کیونکہ انہیں بھی مختلف جرائم، لڑائی جھگڑوں، یا چوری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔