پائپ لائنز دھماکے سے پھٹ گئیں، کراچی کو پانی کی فراہمی معطل

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی
(فوٹو: آن لائن)

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر پائپ لائنز دھماکے سے پھٹ گئیں، جس کی وجہ سے کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق پانی کی پمپنگ بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث رکی۔ 

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کا بڑا بجلی بریک ڈاؤن ہوا، جس کے نتیجے میں پانی کی پمپنگ مکمل طور پر رک گئی۔ پانی کی فراہمی بند ہونے سے کراچی کے بڑے حصے کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔

پانی کی کمی سے متاثر ہونے والے کراچی کے علاقوں میں ضلع ملیر، کورنگی، جنوبی اور شرقی شامل ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں پانی کے بحران کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ دھابیجی بریک ڈاؤن کے باعث 2 پائپ لائنز دھماکے سے پھٹ گئیں۔

ترجمان واٹر کارپوریشن نے کہا کہ پائپ لائنوں کے پھٹنے سے قریبی رہائشی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا اور زمینی راستے متاثر ہوگئے۔72 انچ قطر کی لائن نمبر 5 پھٹنے کی وجہ سے کراچی کو پانی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔ سی ای او واٹر کارپوریشن نے کہا کہ متاثرہ لائنوں کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

دوسری جانب چیف انجینئر واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ لائن نمبر 5 کی مرمت 24 گھنٹوں میں جبکہ لائن نمبر 1 کی مرمت اگلے 4 دنوں میں مکمل ہوگی۔ تاہم، مرمتی کام کے دوران شہر کو یومیہ 100 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا رہے گا۔ پاور ڈویژن نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کا نوٹس لے لیا ہے۔

پاور ڈویژن نے کے الیکٹرک کو فوری اقدامات اور بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی ہر صورت بحال کی جائے گی اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

Related Posts