الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ کے متاثرین کیلئے 15 ارب روپے سے ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کا آغاز کر دیا۔
لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان، سیکریٹری جنرل سید وقاص جعفری اور نائب صدور سمیت دیگر ذمہ داران نے غزہ میں جاری امدادی سرگرمیوں اور بحالی و تعمیرنو کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔
صدر الخدمت فاؤندیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے غزہ کے عوام کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں اور بحالی و تعمیر نو کے حوالے سے لائحہ عمل کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے گزشتہ 15 ماہ میں ساڑھے 5 ارب روپے کی امدادی سرگرمیوں کے بعد اگلے 15 ماہ کے لیے ریلیف، بحالی اور تعمیر کے لیے 15 ارب روپے سے ’’ری بلڈ غزہ‘‘ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
بلجیم کی فضائیں پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں
انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت متاثرین کو عارضی شیلٹر، اشیائے ضروریات، اشیائے خوردونوش، طبی سہولیات، ایمبولینس، موبائل ہیلتھ یونٹس، ادویات اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ابتدائی طور پر غزہ میں ایک ہسپتال کی بحالی، مکمل یا جزوی طور پر متاثرہ 5 اسکولوں کی تعمیر نو اور 25 مساجد کی تعمیر اور بحالی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے متاثرین کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے 100 سے زائد صاف پانی کے منصوبہ جات، مکانات اور چھت کی فراہمی کے لیے ریزیڈینشل ٹاور اور 3 ہزار یتیم بچوں کی مستقل کفالت منصوبے کا حصہ ہے۔
صدر الخدمت نے کہا کہ غزہ کی صورت حال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں نہ صرف ہزاروں انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے بلکہ غزہ کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہونے کے باعث لاکھوں متاثرین بے سر و سامانی کے عالم میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کےعوام نے پہلے بھی اہل غزہ کے لیے دل کھول کر مدد کی اور ہمیں یقین ہے کہ اب بھی اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے آگے بڑھیں گے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ الخدمت اس سلسلے میں اپنے پارٹنر اداروں کے اشتراک سے فیلڈ میں موجود ہے اور اہل غزہ کے لیے ہر ممکن امداد جاری رکھے ہوئے ہے۔