صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں دوسری شادی کرنے والے شخص کو پہلی بیوی نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول طارق نے 6 ماہ قبل دوسری شادی کی تھی اور مبینہ طور پر پہلی بیوی کو خرچ نہیں دیتا تھا۔ جس کی رنجش پر پہلی بیوی نے اپنے 18 سالہ بیٹے کے ساتھ مل کر اپنے شوہر طارق کو رسی سے باندھ کر شدید تشدد کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ماں بیٹے نے مل کر مقتول طارق کی آنکھوں میں مرچیں ڈالیں، اس کے بعد اس کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول طارق کے قتل کے بعد ماں بیٹا دوسری بیوی کے گھر پہنچ گئے، جس کے بعد دوسری بیوی کی کال پر پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش کے بعد لاش برآمد کرلی گئی اور ماں بیٹے نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔