اسلام آباد: پاکستان کی قومی ایئرلائن نے کہا ہے کہ ایفل ٹاور کی طرف بڑھتے ہوئے ہوائی جہاز کو دکھانے والے اشتہار کا مقصد کبھی بھی نائن الیون حملوں کی یاد تازہ کرنا نہیں تھا۔
یہ تصویر جو ویڈیو فارمیٹ میں نہیں بلکہ ایک گرافک ہے، فرانسیسی جھنڈے کے پس منظر میں ایک طیارے کو ایفل ٹاور کی طرف جھکتے ہوئے دکھاتی ہے، جس پر لکھا ہے پیرس، ہم آج آ رہے ہیں۔
یہ اشتہار 10 جنوری کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اس دن پوسٹ کیا جب یورپی یونین کے ممالک کے لیے پروازیں چار سال کی پابندی کے بعد دوبارہ شروع ہوئیں۔
بری یا سزا؟ 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے کا فیصلہ آج سنایا جائے گا
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے فوراً اس اشتہار کو تنقید کا نشانہ بنایا جس پر وزیرِاعظم نے تحقیقات کا حکم دیا۔ نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے اسے “نادانی” قرار دیا۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے جمعرات کو کہا کہ یہ اشتہار صرف یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کی خوشی منانے کے لیے بنایا گیا تھا اور اس کا مقصد نائن الیون کے متاثرین یا ان کے خاندانوں کو دکھ پہنچانا ہرگز نہیں تھا۔
ترجمان نے کہا کہ “ہم ان تمام افراد سے معذرت خواہ ہیں جنہیں یہ اشتہار ناگوار گزرا۔ ہمارا مقصد کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔”انہوں نے وضاحت کی کہ اشتہار میں ایفل ٹاور اس لیے دکھایا گیا کیونکہ یہ دنیا کے مشہور ترین مقامات میں سے ایک ہے۔