اداکارہ میرا نے حال ہی میں اپنی ایک مبینہ نازیبا تصویر کے ساتھ ایک ذو معنی کیپشن شیئر کیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ پر تنقید شروع کردی ہے۔
پاکستانی فلم انڈسٹری میں 90 کی دہائی کے دوران اپنی فلموں سے مقبول ہونے والی میرا کو ہمیشہ سرخیوں میں رہنے کا ہنر آتا ہے۔ انہوں نے ’احساس‘، ’کھلونا‘، ’کانٹا‘، ’چیف صاحب‘، ’مجھے جینے دو‘ اور ’مس استنبول‘ جیسی مشہور فلموں میں کام کیا۔
میرا نے 2000 کی دہائی میں بالی وڈ میں بھی قسمت آزمایا، مگر وہاں ناکامی کے بعد ان کا زیادہ تر ذکر متنازعہ بیانات اور غلط انگریزی بولنے کی وجہ سے ہی ہوتا رہا۔
حال ہی میں میرا کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں وہ یہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ ان سے کوئی شادی نہیں کرنا چاہتا حالانکہ عدالت میں یہ ثابت ہو چکا ہے کہ انہوں نے ایک شادی کی تھی جو بعد میں طلاق پر ختم ہوئی۔
اب انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر ایک مبینہ نازیبا تصویر شیئر کی ہے، جس کا کیپشن انہوں نے ’مسنگ پرسن اِن یور یونیورس‘ رکھا ہے، ساتھ میں دل کا ایموجی بھی بنایا۔
صارفین کی جانب سے تنقید کے بعد میرا نے اس تصویر کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ہٹا دیا ۔
یہ بھی یاد رہے کہ ماضی میں بھی میرا کی کئی نازیبا ویڈیوز لیک ہو چکی ہیں اور انہیں پاکستان کی راکھی ساونت کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔