راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تین علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران سیکورٹی فورسز نے 19 خوارج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ تین جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور کے علاقے متنی میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں آٹھ خوارج ہلاک ہوئے۔
ورلڈ بینک کے بعد یو اے ای سے بھی پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری آگئی
ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع مہمند کے علاقے بائزئی میں کیا گیا، جہاں سیکورٹی فورسز نے آٹھ خوارج کو ہلاک کر دیا۔ضلع کرک میں ایک علیحدہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور تین خوارج کو ہلاک کر دیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین بہادر سپوت، لانس حوالدار عباس علی (عمر: 38 سال، ضلع غذر کے رہائشی)، نائیک محمد نذیر (عمر: 37 سال، ضلع سکردو کے رہائشی) اور نائیک محمد عثمان (عمر: 37 سال، ضلع اٹک کے رہائشی) شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صفائی کے آپریشنز جاری ہیں تاکہ مزید خوارج کا خاتمہ کیا جا سکے۔پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔