پاکستان کے معروف فِن ٹیک پلیٹ فارم جاز کیش نے دنیا کی سب سے مشہور آڈیو اسٹریمنگ سبسکرپشن سروس، اسپاٹیفائی کے ساتھ شراکت داری کی ہے جس کے تحت صارفین جاز کیش کے ذریعے اسپاٹیفائی پریمیئم سبسکرپشن کی بآسانی ادائیگی کر سکیں گے۔
جاز کی جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق اس تعاون کے ذریعے اسپاٹیفائی پریمیئم کی سبسکرپشن کو جاز کیش کے ذریعے ممکن بنایا گیا ہے، جس سے ملک بھر کے لاکھوں افراد اس پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
پاکستان میں ای کامرس ادائیگیوں کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 118 ملین ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، جن میں سے 91 فیصد ٹرانزیکشنز ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی گئیں۔
یہ شراکت صارفین کو بغیر کسی بینک اکاؤنٹ کے اسپاٹیفائی پریمیئم تک آسان رسائی فراہم کرتی ہے، جہاں اشتہارات کے بغیر موسیقی، ڈاؤن لوڈز اور اے آئی ڈی جے اور جام جیسے خصوصی فیچرز شامل ہیں۔
صارفین اسپاٹیفائی ایپ میں پلان منتخب کرتے ہیں، جاز کیش کو بطور ادائیگی طریقہ کار منتخب کرتے ہیں اور سبسکرپشن کی تصدیق کرتے ہیں۔ انفرادی پریمیئم پلان کی قیمت 349 روپے ماہانہ رکھی گئی ہے، جو 10 کروڑ سے زائد ٹریکس کی بغیر رکاوٹ موسیقی اسٹریمنگ کا ایک سستا طریقہ فراہم کرتا ہے۔
لانچ کے موقع پر جاز کیش اور اسپاٹیفائی نئے صارفین کے لیے خصوصی آفرز پیش کر رہے ہیں۔ ہمیشہ دستیاب آفر کے تحت دو ماہ کے اسپاٹیفائی پریمیئم کی سہولت ایک ماہ کی قیمت میں دستیاب ہوگی۔ مزید یہ کہ 31 دسمبر 2024 تک جاری محدود مدت کی آفر کے تحت نئے صارفین کو ایک ماہ کی قیمت میں چار ماہ کے اسپاٹیفائی پریمیئم کی سہولت دی جا رہی ہے۔