واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ کے جریدے نے پاکستانی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو تشدد پسند انتہا پسندوں کے خلاف توانا آواز قرار دے دیا اور خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے جریدے یونی پاتھ میں جنرل سید عاصم منیر کو بطور سربراہ پاک فوج شاندار الفاظ میں خراج تحسین کیا گیا جبکہ مضمون میں جنرل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف بھی کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سینٹ کام جریدے نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کو ایسے لیڈر کے طور پر یاد رکھا جائے گا جن کا اولین عزم پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی ہے۔ مضمون میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت، فوجی پس منظر، انسداد دہشتگردی کیخلاف کوششوں کی تعریف کی گئی۔
امریکی جریدے میں شائع کردہ مضمون میں آرمی چیف کا دہشتگردی کے بارے میں مؤقف، ففتھ جنریشن وار فیئر، غیرملکی جارحیت کے جواب دینے کی صلاحیت اور سماجی و اقتصادی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ کہا گیا کہ آرمی چیف نومبر 2022 میں کمان سنبھالنے کے بعد سے ملکی سلامتی کیلئے کوشاں ہیں۔
آرٹیکل میں لکھا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں شدت پسند گروپوں (فتنہ الخوارج) کے خلاف وسیع فوجی آپریشن کیے گئے، جن میں 22,409 انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز شامل ہیں، جس کے نتیجے میں 398 دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا ہے”۔بطور آرمی چیف انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کو ریاست کے سامنے جھکنا ہوگا۔