کراچی: ایرانی قونصل جنرل حسن نورین اور نائب جنرل علی خوشرو نے وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ سے ملاقات کی ہے جس میں شہرِ قائد سے ایرانی بندرگاہ چابہار تک فیری سروس کے آغاز پر پیشرفت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سے ایرانی قونصل جنرل اور وائس قونصل جنرل کی ملاقات میں کراچی سے چابہار تک کشتی سروس کے آغاز پر گفتگو ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ فیری سروس کے آغاز پر زائرین اور طلبہ کو سفری سہولت میسر آئے گی۔
ملاقات کے دوران پاک ایران تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تجارت پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے تاریخی و ثقافتی برادرانہ تعلقات ہیں جووقت کے ساتھ ساتھ مزیدمضبوط ہورہے ہیں۔
گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 2 ارب ڈالرز ہے۔ سندھ سے پھل اور گوشت خاص طور پر سندھڑی آم اور لاڑکانہ کے امرود ایران کو برآمد کیے جاسکتے ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ 2 طرفہ تجارت کو 3 ارب ڈالرز کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے ایرانی قونصل جنرل کے ساتھ دونوں ممالک کے تجارتی وفود میں تبادلوں پر بھی اتفاق کرلیا۔ قونصل جنرل نے وزیر اعلیٰ سندھ کو نومبر میں ہونے والے ایران ثقافتی میلے میں شرکت کی بھی دعوت دے دی۔ اس موقعے پر وزیر داخلہ، وزیر ورکس، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری قانون اور دیگر بھی موجود تھے۔