پشاور: وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ میں نے ڈھول اور بارات لے کر لاہور جانے کی بات محاورتاً کی، میری بات کا غلط مطلب نکالا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میری بات کو سوشل میڈیا پر دیا جانے والا رنگ اسلام اور شریعت کے تحت غلط ہے، صارفین اس طرح کی غیر اخلاقی پوسٹوں سے گریز کریں۔
گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بارات اور ڈھول لے کر لاہور جانے کی بات محاورتاً کی، لیکن بات کا غلط مطلب نکالا گیا۔ میڈیا پر ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت سے بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ ہم نے چند مخصوص صحافیوں کا تذکرہ کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ میں نے کمیونٹی کے متعلق بات نہیں کی، نہ ہی میرا مقصد صحافی برادری کی دل شکنی تھی۔ وضاحت بھی کرچکا ہوں۔ حکومت میڈیا کی تنقید کو ہمیشہ مچبت انداز میں لے گی اور اپنی اصلاح کرے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج قربانیاں دے رہی ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ فوج اور پولیس روز جانی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ہمیں فوجی جوانوں پر فخر ہے۔ اختلاف کسی فرد اور پالیسی سے ہوسکتا ہے لیکن ہمارا مقصد اداروں کو کمزور کرنا نہیں۔ میں آزاد پختونستان کے حق میں نہیں، پاکستان ہی ہمارا سب کچھ ہے۔