اسلام آباد: ملک بھر میں ائیر لائنز کی پروازوں میں تاخیر اور پرواز منسوخی کے مسائل سامنے آئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ائیر لائنز کو انتظامی مسائل درپیش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ائیر لائنز کے انتظامی مسائل، طیاروں کی کمی اور موسم کی خرابی جیسے مسائل کے باعث ملک بھر میں 24 سے زائد ملکی اور بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ 3 پروازوں کو منسوخ کردیا گیا جس سے مختلف شہروں کے باشندے متاثر ہوئے۔
بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ملک کے 3 بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے 3 فلائٹس کو منسوخ کردیا گیا جن میں پی آئی اے کی لاہور سے شارجہ جانے والی پرواز نمبر پی کے 185 اور اسلام آباد سے سکھر کی پرواز پی کے 632شامل ہیں۔
دوسری جانب کراچی سے دبئی، بغداد، استنبول، فیصل آباد اور لاہور کے ساتھ ساتھ مسقط، مدینہ، جدہ اور دبئی سے پاکستان آنے والی پروازوں میں مسافروں کو 1 گھنٹے کی تاخیر کا سامنا ہے۔ لاہور سے کویت، اسلام آباد سے مختلف مقامات پر روانہ ہونے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لندن، شارجہ، کراچی، ابوظہبی اور استنبول جانے والی پروازوں کو ڈھائی گھنٹے کی تاخیر کا سامنا ہے۔ اسی طرح جدہ سے کراچی، فیصل آباد، پشاور، دبئی اور متحدہ عرب امارات جانے والی پروازوں کو بھی ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کا سامنا ہے۔