تاجر برادری ٹیکسوں کے نفاذ اور بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال کر رہی ہے، پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں بیشتر کاروباری مراکز بند ہیں۔
آل پاکستان ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر اجمل بلوچ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، تاجر پاکستان بھر میں ہڑتال کر رہے ہیں۔تاجر تنظیم کی کال پر کراچی سے خیبر تک مارکیٹیں بند ہیں۔
قبل ازیں منگل کو انجمن تاجران کے مرکزی صدر کاشف چوہدری نے حکومتی مذاکرات کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے ہڑتال کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
کاشف چوہدری نے کہا تھا کہ تاجر متحد ہیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پی معاہدوں پر نظرثانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے تاجروں کو ان کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم ان کا کہنا تھا کہ تاجر دوست اسکیم واپس نہیں لی جائے گی۔
راشد محمود لنگڑیال کا کہنا تھا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں ریٹیل اور ہول سیل ٹیکس نہیں لگایا جاتا، انہوں نے مزید کہا کہ طاقتور سے زیادہ کمزور پر ٹیکس لگانا ممکن نہیں۔