نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بیشتر حصوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کے ساتھ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جس سے مقامی دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ایبٹ آباد، چارسدہ، چترال، دیر، ہری پور، ہزارہ، پاراچنار سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ مالاکنڈ، مانسہرہ، مردان، پشاور اور صوابی میں بھی سیلاب کا امکان ہے۔
دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں نچلے درجے کے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جبکہ دریائے چناب، جہلم، ستلج اور راوی میں پانی کا بہاؤ معمول کی سطح پر ہے۔ پہاڑی ندی نالوں میں سیلاب کے باعث انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں کے دوران سندھ بشمول کراچی میں تیز بارشوں کے امکانات بن رہے ہیں، چند روز میں کراچی میں برسات کا امکان ہے۔