کراچی میں کارساز حادثے میں 26 سالہ بیٹی اور 60سالہ باپ کو کچلنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا، خاتون کی شناخت سامنے آگئی ہے، واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کارساز میں تیزرفتار گاڑی خاتون کے قابو سے باہر ہوکر دیگر گاڑیوں اور موٹر سائیکلز سے جاٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم 20 سالہ بیٹی اور 60سالہ باپ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا سبب بننے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ گرفتار خاتون کی شناخت بھی سامنے آگئی ہے۔ واقعے کا مقدمہ متوفی عمران کے بھائی کی مدعیت میں بہادر آباد تھانے میں درج کرلیا گیا جبکہ حادثے کا سبب بننے والی خاتون بھی زخمی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو سر پر چوٹ لگی ہے اور جناح ہسپتال میں سی ٹی اسکین جاری ہے۔ ٹریفک حادثے میں جواں سال آمنہ اور 60سالہ عمران جاں بحق ہوئے جن کا آپس میں باپ بیٹی کا رشتہ ہے جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
خاتون کی شناخت
پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کا سبب بننے والی خاتون کا نام نتاشا ہے جو معروف کاروباری شخصیت دانش اقبال کی اہلیہ ہیں۔ حادثے کے دوران خاتون کا شوہر دانش اقبال بھی موجود تھا۔ حادثے کے نتیجے میں 2 گاڑیوں اور 4موٹر سائیکلز کو نقصان پہنچا ہے۔ایکسائز کے مطابق خاتون کی گاڑی نمبر بی وائی 003 گل احمد کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
مقدمہ درج
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی عمران کے بھائی کی مدعیت میں کراچی کے علاقے بہادر آباد کے تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ حادثے میں کارساز کے علاقے میں اسٹیڈیم کے قریب تیز رفتار گاڑی موٹر سائیکل سواروں کو روندتی ہوئی دوسری گاڑی سے جاٹکرائی تھی۔