کراچی: ترجمان سندھ حکومت نے گورنر کامران ٹیسوری کے بجلی کے بل میں ریلیف کے مطالبے پر ردِ عمل دیتے ہوئے ملبہ وفاق پر ڈال دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ گورنر صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کے نمائندے کے طور پر کام کررہے ہیں۔
اپنے بیان میں میئر سکھر نے کہا کہ بجلی کے ٹیرف کا معاملہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو وفاق کے سامنے صوبہ سندھ کے عوام کا مسئلہ اٹھانا ہوگا۔ سندھ سے 70فیصد سے زائد ریونیو اور 77فیصد گیس حاصل کی جاتی ہے۔
بیان میں ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وفاقی حکومت پر یہ سندھ کا آئینی حق ہے کہ پہلے یہاں کی ضروریات پوری کی جائیں۔ خیال رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بجلی کے بلز میں 14روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے بھی کچھ ایسا ہی ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں کیلئے ریلیف چاہئے تو گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو وزریراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرنا ہوگا۔ سندھ حکومت بلز کی ستائی عوام کیلئے اہم اعلان کرے گی۔