کراچی: سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کیلئے بجلی 14روپے فی یونٹ سستی کی جائے، بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ سکھر اور اطراف کے علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں لوگ گھروں سے محروم ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے صورتحال کنٹرول نہ کرسکی تو این ڈی ایم اے کنٹرول سنبھالے گی۔
نیوز کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں جو صورتحال ہے، اس پر گورنر ہاؤس میں سیل قائم کردیا ہے۔ بارشوں کے بعد کی صورتحال سے سب کو مل کر نمٹنا ہے۔ کراچی کے تاجروں اور این جی اوز سے متاثرین کی مدد میں ساتھ دینے کی اپیل کروں گا۔
گورنر سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں۔ سندھ کے عوام کیلئے بھی بجلی کے بلز میں 14 روپے فی یونٹ کمی کی جائے۔ ہمیں عوام کو ریلیف اس لیے دینا چاہئے کہ لوگ پہلے ہی معاشی بحران کا شکار ہیں۔
گفتگو کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ ہم نے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے گورنر ہاؤس میں سیل قائم کیا جس کا نمبر 1366 ہے۔ کوئی بھی شخص ایمرجنسی کی صورت میں اس نمبر پر رابطہ کرسکتا ہے۔ گورنر ہاؤس کی انتظامیہ مدد کے طالب شخص کی امداد کرے گی۔ ہم راشن کے باکسز روانہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں سیلاب زدگان کی مدد کی ضرورت پیش آئے گی، ہم کیمپ لگائیں گے تاکہ عوام کی مخیر حضرات کے ساتھ مل کر مالی امداد کی جاسکے۔ سندھ حکومت کو بجلی کی قیمت میں 14روپے فی یونٹ کمی کی درخواست کا خط آج ہی ارسال کردیں گے۔