معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے نرملا میگھانی کی آواز میں ملک کا پہلا اے آئی پر مبنی گانا ریلیز کردیا ہے۔ نئے گیت رنگ رسیا کو سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد پسند کررہی ہے۔
گلوکار علی ظفر نے عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والی فنکارہ نرملا میگھانی کی آواز کے ساتھ اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی نیا گانا ریلیز کیا ہے جس کی ویڈیو میں مصنوعی ذہانت سے تخلیق کیے گئے کرداروں کو پرفارمنس دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
علی ظفر کا کہنا ہے کہ گلوکارہ نرملا میگھانی تھرپارکر کے علاقے عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والی نوجوان گلوکارہ ہیں جس نے موسیقی کیلئے اپنے ذوق و شوق اور جنون کو فروغ دینے کی راہ میں بڑے چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔
موروں کی نگری صحرائے تھر کی خوبصورت آواز کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔ علی ظفر کی طرف سے اے آئی کی مدد سے بنائی گئی ویڈیو نے کمال کردیا۔ عوام کی بڑی تعداد نے ویڈیو پر خوبصورت تبصرے اور تعریف کی ہے۔
اس حوالےسے نرملا میگھانی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں گلوکاری کو اچھا نہیں سمجھا جاتا، میرے والدین نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔ خاص طور پر بھائی نے ہر پلیٹ فارم پر میرا ساتھ دیا۔ انہوں نے علی ظفر کی بھی تعریف کی۔