معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے ایک بار پھر ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کے الزام میں زیر بحث متنازع ٹی وی سیریز ‘برزخ’ کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
ایک حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں ماریا بی نے بڑی دلیری سے اس سیریز کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ماریا بی کی جانب سے یہ انتباہ ایسے وقت سامنے آیا جب یہ خبریں سامنے آئیں کہ یہ سیریز اب ختم کی جا رہی ہے۔ ماریہ بی نے اس پر اپنے ردعمل میں متنازع سیریز کے منتظمین کو مخاطب کرتے ہوئے ماریہ نے کہا کہ “تم کس کو بیوقوف بنا رہے ہو؟ ہم اب بھی عدالت جا رہے ہیں۔‘‘
اس سے قبل ماریہ بی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو کے ذریعے برزخ کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سیریز فحاشی کو فروغ دینے کا باعث بنے گی۔
ماریہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ سیریز، LGBTQ ایجنڈے کی حمایت پر مبنی ہے، شادی سے پہلے جنسی تعلقات کو معمولی چیز بنا کر پیش کیا گیا ہے، اور ایسے موضوعات کا اس میں احاطہ کیا گیا ہے جو بچوں پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
ماریہ بی نے فواد خان کے پچھلے تبصروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جس میں یہ تجویز کیا گیا تھا کہ معاشرہ بتدریج ہم جنس پرستوں کو قبول کر رہا ہے۔