اسلام آباد: ہائی کورٹ نے میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹریٹ کو ڈی سیل کرنے کی درخواست پر جواب طلب کر لیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل غلام مرتضیٰ جسٹس سمن رفعت امتیاز کی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ کو بغیر کوئی نوٹس یا معلومات فراہم کیے سیل کر دیا ہے۔
وکیل نے بتایا کہ یہ کارروائی آگ اور حفاظتی ضوابط کی مبینہ عدم تعمیل کی بنیاد پر کی گئی۔جسٹس سمن رفعت امتیاز نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔
پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف سیکریٹریٹ پر چھاپہ مارا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ پی ٹی آئی سیکرٹریٹ اپنے ڈیجیٹل میڈیا سینٹر کے ذریعے ایک بین الاقوامی ڈس انفارمیشن نیٹ ورک کے مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے۔
یہ چھاپہ پارٹی سے وابستہ ایک بین الاقوامی سوشل میڈیا کارکن کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے بعد مارا گیا۔
چھاپے کے دوران اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر سے کمپیوٹر اور ریکارڈ قبضے میں لے لیا، جو اب جاری تحقیقات کا حصہ ہیں۔
پچھلی پیش رفت میں، سی ڈی اے نے اسلام آباد کے جی ایٹ سیکٹر میں واقع دفتر کو ’بلڈنگ رولز کی خلاف ورزی‘ پر سیل کر دیا تھا۔