کلفٹن کراچی کے علاقے میں سیکورٹی کمپنی کا گارڈ بینک کی کیش وین سے 80 لاکھ روپے کی خطیر رقم کا تھیلا لے کر فرار ہوگیا۔
واردات کے حوالے سے سامنے آنے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ کلفٹن بلاک ٹو کے علاقے میں ایس او ایس سیکورٹی کمپنی کی وین نجی بینک میں رقم کی ترسیل کرنے آئی تھی، اس دوران موقع دیکھ کر کمپنی کے ایک گارڈ نے واردات ڈال دی۔
رپورٹ کے مطابق ایک گارڈ رقم لے کر بینک میں چلاگیا، دوسرا گارڈ ہوٹل پر بیٹھ کر چائے پینے لگا، اسی دوران تیسرا ملزم سیکورٹی گارڈ ذو الفقار80 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے بھرا ہوا تھیلا لیکر رکشے میں فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اندرون سندھ کا باشندہ ہے جبکہ سیکورٹی کمپنی کا دفتر محمود آباد میں ہے، ملزم سیکورٹی گارڈ کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم تاحال ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔