پاکستان کے صف اول کے معیاری پرائیویٹ اسپتال نے عالمی اعزاز اپنے نام کرکے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔
آغا خان یونیورسٹی ہسپتال نے 2024 کے لئے امریکن کالج آف کارڈیالوجی کی نیشنل کارڈیو ویسکیولر ڈیٹا رجسٹری کی جانب سے چیسٹ پین ایم آئی رجسٹری پلاٹینم پرفارمنس اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرلیا ہے۔
اس ایوارڈ کے ذریعے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کراچی دل کے دورے کے مریضوں کو اعلیٰ معیار کی علاج معالجہ کی سہولتیں مہیا کرنے والے دنیا کے بہترین ہسپتالوں میں شامل ہوگیا ہے۔
چیسٹ پین ایم آئی رجسٹری صحت کے شعبہ سے وابستہ افراد کو جدید سائنسی رہنما ہدایات کی بنیاد پر دل کے مریضوں کا مستقل علاج کرنے کے لئے بااختیار بناتی ہے۔ یہ کورونری آرٹری کی بیماری والے مریضوں کے علاج کے معیار، حفاظت اور نتائج کو بہتر بنانے کے لئے قومی معیار قائم کرتی ہے خاص طور پر ان لوگوں کے لئے جو دل کے دورے کے زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہوں۔
یہ ایوارڈ دراصل آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کی کامیابی کی پذیرائی ہے جو دل کے دورے کے مریضوں کو اعلی معیار کی دیکھ بھال فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔ چیسٹ پین ایم آئی رجسٹری پلاٹینم پرفارمنس اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال نے مسلسل کامیابی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ڈاکٹر فرحت عباس سی ای او آغا خان یونیورسٹی ہیلتھ سروسز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ ایوارڈ ہمارے مریضوں کو اعلی درجے کی دل کی دیکھ بھال فراہم کرنے کی ہماری کامیابی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ڈاکٹر، نرسیں اور دیگر عملہ مسلسل بہترین کارکردگی کے لئے کوشاں رہتے ہیں تاکہ ہم اپنے مریضوں کی دیکھ بھال کا اعلی ترین معیار قائم کر سکیں۔
ڈاکٹر جاوید مجید طائی ڈائریکٹر کیتھ لیب و سائٹ ڈائریکٹر نیشنل کارڈیو ویسکیولر ڈیٹا رجسٹری نے کہا کہ یہ ایوارڈ نہ صرف ہماری کامیابیوں کا اعتراف ہے بلکہ ہمارے مستقبل کی کوششوں کے لئے بھی ایک محرک ہے۔ ہم دل کے دورے کے مریضوں کے لئے اعلی معیار کی علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔