لاہور: ٹیکس کے خلاف احتجاج طول پکڑ گیا، فلور ملز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں گندم کی فراہمی آج سے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے جس کے نتیجے میں آٹے کی قیمت میں اضافے کا خدشہ ہے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق فلور ملز نے آج سے ملک بھر میں گندم کی پسائی اور فراہمی بند کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ لاہور میں فلور ملز ایسوسی ایشن اور پاکستان فلور ملز خیبر پختونخوا نے آج سے ہڑتال شروع کردی۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد آٹے کی سپلائی بند رہے گی۔ فلور مل مالکان کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے پیشِ نظر صوبے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2500روپے تک جانے کا خدشہ ہے۔ صدر فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے ٹیکسز کو ظالمانہ قرار دیا ہے۔
صدر فلور ملز نے کہا کہ ٹیکسز کے نتیجے میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ حکومت سے ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پاکستان میں گندم اتنی زیادہ ہے کہ ہم برآمد کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے باوجود پنجاب حکومت نے آٹے کی نقل و حمل پر پابندی عائد کررکھی ہے۔
صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے پیش نظر آٹے کی قیمت میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گندم نہ خریدنے کے باوجود آٹے کے نرخ کنٹرول کرنا آسان بات نہیں ہے۔ خیال رہے کہ فلور ملز کی ہڑتال کے نتیجے میں آٹے کی ملک بھر میں قیمتیں متاثر ہوسکتی ہیں۔