کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کے آپریشن میں بھیو گینگ کا سرغنہ امداد عرف امدو مارا گیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) بشیر بروہی کے مطابق کچے میں آپریشن کے دوران 8 روز قبل اغوا کیے گئے تین تاجر بھی بازیاب کرالیے گئے، جس کے بعد بازياب کرائے گئے تاجروں کی تعداد چار ہوگئی۔
انہوں نے بتایاکہ ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے میں چار ڈاکو زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکو امداد بھیو نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 2 اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔
ایس ایس پی کے مطابق ڈاکوؤں کے 10 سے زائد ٹھکانوں کو آگ لگادی گئی اور 15 مشتبہ افراد حراست میں لیا گیا، ڈاکوؤں کے مورچوں کو ڈرون کیمروں کی مدد سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ڈاکو کی لاش دیکھنے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد سول اسپتال پہنچ گئی اور امداد عرف امدو کی لاش دیکھتی رہی۔